پاکستان میں واٹس ایپ پر کورونا ہیلپ لائن سروس کا آغاز


پہلے فیس بک میسنجر اور اب واٹس ایپ کو پاکستان میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

اس مقصد کے لیے وزارت قومی صحت نے واٹس ایپ پر پاکستان گورنمنٹ کورونا ہیلپ لائن سروس کا آغاز کردیا ہے۔

اس نئی سروس کو بالکل مفت استعمال کیا جاسکتا ہے، یہ پاکستان میں ہر شخص کو کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 سے متعلق تازہ ترین معلومات اور مستند خبروں حاصل کرسکے گا۔

اس نئی سروس کا نام پاکستان گورنمنٹ کورونا واٹس ایپ ہیلپ لائن ہے، یہ اصل میں خودکار چیٹ بوٹ سروس ہے جس میں وزارت صحت کی جانب سے شہری کو 24 گھنٹے کورونا وائرس سے متعلق عام سوالات کے جواب فراہم کئے جاتے ہیں۔

یہ سروس انگریزی، اردو، پنجابی، پشتو، سندھی، بلوچی اور کشمیری زبان میں دستیاب ہوگی اور کورونا وائرس کی روک تھام اور علامات، تازہ ترین کیسز کی تعداد اور صحت سے متعلقہ دیگر مستند معلومات فراہم کرے گی۔

واٹس ایپ پر گورنمنٹ کورونا واٹس ایپ ہیلپ لائن سروس کو مفت استعمال کرنے کے لیے آپ کو یہ نمبر 923001111166+ اپنے رابطوں کی فہرست میں محفوظ کرنا ہوگا جس کے بعد اس نمبر کے واٹس ایپ میسج میں آپ کوئی بھی لفظ لکھ کر بھیج دیں، آپ کے سامنے مینو آپشنز کا سیٹ آجائے گا اور یوزر اس میں سے انتخاب کرکے وزارت صحت سے متعلقہ رہنمائی کے لیے میسج ارسال کردے گا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’اس مشکل گھڑی میں یہ انتہائی ضروری ہے کہ لوگ کورونا وائرس سے متعلق درست، بروقت اور باضابطہ معلومات حاصل کریں اور اپنے گھرانوں اور علاقوں میں اس کے اثرات پر معلومات حاصل کریں’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘ہم ہر شخص کے سوال یا واٹس ایپ پر کورونا ہاٹ لائن کے استعمال میں مسئلے سے متعلق سوال کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ اس طرح کی سروس سے انہیں حکومتی ذرائع سے صرف مستند ہدایات اور مصدقہ معلومات حاصل ہوں، پاکستان میں یہ سروس لانے پر ہم واٹس ایپ اور فیس بک کے بروقت تعاون اور مدد کے مشکور ہیں‘۔

واٹس ایپ کے سی او او میٹ نے اس حوالے سے کہا کہ ’اس طرح کے مشکل حالات میں لوگ اپنے دوستوں، اہل خانہ اور دیگر افراد سے رابطے میں رہنے اور مدد کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں، ہمیں پاکستان کی وزارت قومی صحت خدمات کو رابطے کے ٹولز کی فراہمی پر خوشی ہے جن کے ذریعے انہیں اپنے شہریوں کو اس وائرس سے متعلق سوالات کے بروقت اور مستند جواب دینے میں مدد ملے گی تاکہ لوگ محفوظ رہ سکیں‘۔

یہ ہیلپ لائن واٹس ایپ بزنس اے پی آئی پر انفوبپ (Infobip) کے عالمی رابطے کے پلیٹ فارم کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے تاکہ کورونا وائرس سے متعلق اہم معلومات بروقت پہنچائی جائیں، عالمی ادارہ صحت سمیت دنیا بھر میں صحت کے محکمہ جات بشمول جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، برازیل، انڈونیشیا میں کومنفینو کے زیر اہتمام پہلے سے ہی واٹس ایپ پر کورونا سے متعلق معلوماتی نمبرز کام کررہے ہیں اور اگلے چند ہفتوں میں ان کے اندر مزید خدمات متعارف کرائی جائیں گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں