کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں جہاں طبی آلات کی قلت پیدا ہوگئی ہے، وہیں طبی عملہ بھی کم پڑ گیا ہے جب کہ ہسپتالوں سمیت کئی دیگر جگہوں کو عارضی آئسولیشن سینٹرز اور قرنطینہ میں تبدیل کردیا گیا ہے لیکن اس باوجود کئی ممالک میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔
عام ہسپتالوں میں قرنطینہ سینٹرز بنانے اور وہاں پر دیگر مریضوں کے علاوہ زیادہ تر کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے سمیت دنیا بھر میں دیگر بیماریوں میں مبتلا مریض پریشانیوں کا شکار ہیں، یہاں تک کہ امریکا اور برطانیہ جیسے ممالک میں حاملہ خواتین بھی سخت مشکلات کا شکار ہیں۔
برطانیہ اور امریکا کے ہسپتالوں کے گائنی وارڈز اور لیبر رومز کو کورونا وائرس قرنطینہ میں تبدیل کرنے اور طبی عملے کی جانب سے وبا کے مریضوں کی دیکھ بھال کرنے سے وہاں پر حاملہ خواتین سخت مشکلات کا شکار ہیں اور متعدد ہسپتالوں نے ڈیلیوری کرنے والی خواتین کو ہسپتال میں داخل کرنے سے ہی انکار کردیا۔
برطانیہ اور امریکا کے متعدد ہسپتال جہاں حاملہ خواتین کو گھر میں بچے پیدا کرنے کے مشورے دے کر انہیں ہسپتالوں میں داخل کرنے سے انکار کر رہے ہیں، وہیں متعدد خواتین کو صرف ایک ہی شخص کے ساتھ بچے پیدا کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ایسی خواتین آپریشن کے بغیر ہی بچے پیدا کریں۔
برطانوی اخبار دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق برطانیہ کے محکمہ صحت نے طبی عملے کی قلت اور ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے خصوصی سینٹرز قائم کرنے کے بعد حاملہ خواتین کو تجویز دی ہے کہ وہ گھروں میں ہی بچوں کی پیدائش کریں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جہاں خواتین کو بچوں کی پیدائش کے لیے ہسپتال نہ آنے کا کہا جا رہا ہے، وہیں اگر کوئی خاتون ہسپتال آ رہی ہے تو اسے صرف ایک ہی شخص کے ساتھ ڈیلیوری کرنے پر اکسایا جا رہا ہے جب کہ انہیں زیادہ تر طبی سہولیات بھی نہیں دی جا رہیں۔
رپورٹ کے مطابق ماہرین صحت نے پہلے ہی کہہ رکھا تھا کہ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے اور ہسپتالوں میں کورونا کے بہت سارے مریض ہونے اور طبی عملے کی جانب سے کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے سے ان کے متاثر ہونے کے بعد حاملہ خواتین ٹارگٹ پر ہیں، اس لیے وہ ہسپتالوں کا رخ نہ کریں تو بہتر ہے۔
اس ضمن میں بچوں کی پیدائش اور حاملہ خواتین کے حقوق سے متعلق کام کرنے والی ایک تنظیم کی عہدیدار ماریہ بکر کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں کی جانب سے متعدد خواتین کو داخل کرنے سے منع کردیا گیا اور انہیں گھر جاکر سیزر کے بغیر ہی بچے پیدا کرنے کی تجویز دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ کئی ہسپتالوں نے بچے پیدا کرنے والی خواتین کو صرف ایک ہی شخص فراہم کیا اور ایسی کئی خواتین کو اپنے ہی شوہر یا اہل خانہ کی مدد سے ہسپتال میں بچے پیدا کرنے پر اکسایا گیا۔
ماریہ بکر نے حاملہ خواتین کے ساتھ ایسے رویے کو نئی مائیں بننے والی خواتین کے لیے صدمہ قرار دیا اور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بچوں کی پیدائش کرنے والی خواتین کو پہلے جیسی مکمل سہولیات فراہم کی جائیں۔
برطانیہ کی طرح امریکا کے بھی متعدد ہسپتالوں سے ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ وہاں بھی بچوں کی پیدائش کرنے والی خواتین کو داخل نہیں کیا جا رہا اور انہیں گھر جاکر محفوظ ڈیلیوری کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔
اے بی سی 7 نیوز نے بتایا کہ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو کے ہسپتالوں میں بچوں کی پیداش کرنے والی خواتین کو زیادہ تر سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں اور انہیں اس عمل میں ساتھ دینے کے لیے صرف ایک ہی شخص فراہم کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ اس عمل سے دوسری یا تیسری مرتبہ مائیں بننے والی خواتین زیادہ پریشان نہیں دکھائی دے رہیں، تاہم جن کے ہاں پہلی بار بچے کی پیدائش ہو رہی ہے وہ ذہنی اذیت اور مسائل کا سامنا کر رہی ہیں۔
سی بی ایس نیوز نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے ہسپتالوں نے ایک ہفتہ قبل ہی اعلان کردیا تھا کہ وہ حاملہ خواتین کو ڈیلیوری کے لیے داخل نہیں کرسکتے۔
رپورٹ کے مطابق ہسپتال انتطامیہ نے خواتین کو گھروں میں ہی بچوں کی پیدائش کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہیں پابند کیا کہ وہ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے حالیہ دنوں میں ہسپتال نہ آئے کیوں کہ ایسا ان کی اور آنے والے بچے کی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ریاست نیویارک، میساچوٹس اور نیوجرسی سمیت دیگر ریاستوں کے ہسپتالوں اور بڑے شہروں کے معروف ہسپتالوں نے بھی حاملہ خواتین کو سیزر کے بغیر گھر پر ہی بچے پیدا کرنے کی تجویز دی تھی۔
ہسپتالوں کی جانب سے بچوں کی پیدائش کرنے والی خواتین کو طبی سہولیات فراہم نہ کرنے اور انہیں گھروں میں ہی بچوں کی پیدائش کرنے پر مجبور کرنے کے بعد امریکا و برطانیہ میں نوزائدہ ماؤں اور بچوں کی صحت سے متعلق خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
حاملہ خواتین کو ہسپتالوں میں داخل نہ کرنے کے اعلان کے بعد 2 دن قبل ہی امریکی ریاست نیویارک کے گورنر نے ہسپتالوں کو اپنا اعلان واپس لینے اور خواتین کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات بھی کیں۔
نیویارک کے گورنر نے ہسپتالوں کی تاقید کی کہ بچوں کی پیدائش کرنے والی تمام خواتین کو یکساں اور مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور کسی کی بھی زندگی کو خطرے میں نہیں ڈالا جائے۔