صوفی بینڈ ’’نفس‘‘ نے کورونا وائرس کی آگاہی پر گانا جاری کردیا


کراچی: پاکستانی صوفی بینڈ ’نفس‘ نے کورونا وائرس سے حفاظت کے لیے’ احتیاطِ کورونا‘ کے نام سے نیا گانا جاری کردیا۔

کورونا وائرس نامی وبا نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اب تک اس وائرس کی وجہ سے ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور پاکستان میں بھی یہ وائرس اب تک 1600 سے زائد افراد کو متاثر کر چکا ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کورونا وائرس کو مات دینے کے لیے میدان میں آگئے ہیں۔

جہاں بہت سے فنکار اور کھلاڑی روز کی دیہاڑی پر کام کرنے والوں کی مدد کر رہے ہیں تو کچھ فنکار کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بھی آگاہی فراہم کرنے میں پیش پیش ہیں۔ اس حوالے سے صوفی میوزک میں اپنا خاص مقام بنانے والے نفس بینڈ نے بھی قوم کو بیماری کے خلاف لڑنے کے لیے ’احتیاط کورونا‘ کے نام سے گانا جاری کیا ہے۔

نفس بینڈ کی جانب سے جاری کردہ نئے گانے ’احتیاط کورونا‘ میں گلوکار نعمان علی نے پاکستانیوں کو آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ دشمنِ جان کو مات کر لیجیے، چار دن احتیاط کر لیجیے۔ اپنے گھر کے حسین مکینوں کو ،اپنی کل کائنات کر لیجیے۔

نفس بینڈ کے آگاہی گانے کو آفتاب اکبر نے لکھا ہے جب کہ ویڈیو میں گلوکار نعمان علی کے ہمراہ ساتھی گٹارسٹ مونی کاندھرو اور سعد خان بھی نظر آرہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں