کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے، ڈونکی کنگ کے منگو کا پیغام


جیو نیوز کی سپر ہٹ اینی میٹڈ فلم ’دی ڈونکی کنگ‘ کے مقبول ترین کردار ’منگو‘ نے بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اپنے انداز میں پیغام دیا ہے۔

’منگو’ نے اپنے ویڈیو پیغام میں لوگوں کو کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیراپنانے کو کہا۔

اپنے پیغام میں منگونے کہا کہ ‘مائی نیم از منگو منگو جان منگو دی واشنگ مشین، مجھے معلوم ہے کہ آ پ سب کورونا وائرس سے ڈرے ہوئے ہیں، لیکن اس وائرس سے ہمیں ڈرنا نہیں لڑنا ہے’۔

 وائرس سے بچنے کے لیے ‘دی ڈونکی کنگ’ کے منگو نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف سب سے بڑا ہتھیار تو سماجی دوری ہے، یعنی اپنوں اور غیروں سے فاصلہ رکھنا۔

منگو نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’براہ کرم بلاضرورت اپنے گھروں، گھونسلوں اور بِلوں سے نہ نکلیں‘۔

اپنے پیغام کے آخر میں منگو نے کہا کہ  ’اس وبائی مرض سے لڑنے کے لیے آپس میں تو فاصلہ رکھنا ہے مگر دلوں کو جوڑ کر رکھنا ہے‘۔

خیال رہے کہ باکس آفس پر سب سے زیادہ بزنس کرنے والی پہلی پاکستانی سپر ہیرو اینی میٹڈ فلم ’دی ڈونکی کنگ‘ میں افضل خان عرف جان ریمبو نے منگو کی صداکاری کی تھی۔

دی ڈونکی کنگ کو جنوبی کوریا کی مقامی زبانوں سمیت متعدد زبانوں میں ڈب کرکے بھی ریلیز کیا جاچکا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں