چین نے کورونا کے باعث لاک ڈاؤن کیے گئے شہر ووہان کو جزوی طور پر کھول دیا


چین میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کیے گئے شہر ووہان کو جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے جس کے  باعث ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد آبادی کا شہر ووہان میں سرگرمیاں بحال ہونے لگی ہیں۔

کورونا وائرس دنیا میں سب سے پہلے گزشتہ برس چین کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان میں منظر عام پر آیا تھا اور جب ووہان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونا شروع ہوا تو چینی حکومت نے جنوری میں ووہان کو لاک ڈاؤن کر دیا تھا جس کے باعث اب وہاں کورونا کے کیسز کی تعداد گھٹ کر نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی حکومت نے ووہان شہر کو سرگرمیوں کے لیے جزوی طور پر بحال کر دیا ہے اور لاک ڈاؤن کے بعد سے پہلی ٹرین کو ووہان میں داخلے کی اجازت مل گئی ہے۔

میڈیا رپوٹس کے مطابق چینی حکام نے ووہان کو داخلے کے لیے کھولا ہے، شہر سے باہر جانے پر اب بھی پابندی عائد ہے۔

چینی میڈیا رپرٹس کے مطابق ووہان میں موجود لوگوں کو شہر سے باہر جانے کی اجازت 8 اپریل کو دیئے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹس کے مطابق ووہان ریلوے اسٹیشن پر عملہ اب بھی حفاظتی لباس پہنے ہوئے ہے اور ووہان سے ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن بھی 8 اپریل کو بحال کیے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں اب تک 27 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جس میں سے 3 ہزار سے زائد افراد کا تعلق چین سے ہے جب کہ چین میں 74 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو بھی جا چکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں