کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اموات 21 ہزار تک پہنچ گئیں


دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 21 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کرگئی؛

تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس نے 198 ممالک کو بری طرح متاثر کیا ہوا ہے اور اب تک کے اعداد وشمار کے مطابق دنیا بھر میں 21 ہزار افراد اس وائرس کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد 4 لاکھ 52 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

اٹلی اور اسپین میں ہلاکتیں چین سے بھی زیادہ؛

کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک اٹلی میں اب تک 7503 افراد وائرس کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ اٹلی کے بعد سب سے زیادہ متاثرہ ملک اسپین ہے جہاں 47 ہزار6 سو10 کیسز رپورٹ ہوئے اور 3434 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

امریکا بھی کورونا وائرس سے پریشان؛

سپر پاور امریکا میں بھی کورونا وائرس نے تباہی مچادی ہے جہاں 65 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 223 افراد ہلاک جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 928 تک پہنچ گئی ہے۔

ایران میں 2 ہزار سے زائد ہلاکتیں؛

ایران میں بھی 27 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جس میں سے 2077 افراد زندگی سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ فرانس میں اب تک وائرس 1331 لوگوں کی جان لے گیا جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 25 ہزار 233 ہے۔

افریقی فٹبالر کورونا سے ہلاک؛

دوسری جانب افریقن فٹ بالر اور صومالیہ کے وزیر کھیل عبدالقادر محمد فرح کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں، افریقن فٹ بالر کو گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کا نتیجہ پازیٹو آیا تھا اور وہ ان دنوں لندن کے نارتھ ویسٹ اسپتال میں زیر علاج تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں