لاہور: مصباح الحق بطور کوچ عامر سہیل کومتاثر نہ کر پائے، سابق کپتان نے کہا کہ جس وقت وہ قومی کوچ بنے انھیں کسی اسکول ٹیم کی کوچنگ کرنا چاہیے تھی۔
ایک برطانوی ویب سائٹ کوانٹرویو میں سابق ٹیسٹ اوپنر عامر سہیل نے کہاکہ قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنائے جانے سے قبل مصباح الحق کوچنگ کا قطعی طور پر کوئی تجربہ نہیں رکھتے تھے، اس مرحلے پر تو ان کو کسی اسکول کی کوچنگ قبول کرلینا چاہیے تھی۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل معیار کے تقاضوں پر پورا اترنے والے بیٹسمینوں کی تلاش میں مشکلات کا شکار ہے، اس کے باوجود پی ایس ایل میں نئے بیٹنگ ٹیلنٹ کو صلاحیتوں کے اظہار کا زیادہ مواقع نہیں دیا جاتا، انھیں انٹرنیشنل معیار کی بولنگ کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی کارکردگی میں نکھار لانے کے اس پلیٹ فارم سے محروم رکھنا پاکستان کرکٹ کیلیے نقصان دہ ہے۔
عامر سہیل نے کہا کہ محمد عامر نے جو کچھ کیااس کے باوجود اگر ان کی قومی ٹیم میں واپسی ہوسکتی ہے تو شرجیل خان کے حوالے سے کسی بحث میں نہیں پڑنا چاہیے،اگر پیسر کا کم بیک ہوسکتا ہے تو اوپنر کا کیوں نہیں۔