پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار فیصل قریشی نے کراچی میں لاک ڈاؤن کی صورتحال کے بعد لوگوں کو کشمیریوں کی حالت زار کا احساس دلا دیا۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جس پر کراچی سمیت صوبے کے دیگر شہروں پرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار عمل درآمد کروا رہے ہیں۔
اسی ضمن میں اداکار فیصل قریشی کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا گیا۔
فیصل قریشی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘ابھی تو صرف لاک ڈاؤن چل رہا ہے، سوچو وائی فائی نہ ہو، بجلی نہ ہو، اپنی مرضی سے نماز نہ ادا کر سکیں، کھانا نہ پکا سکیں سوچو’۔
اداکار نے مزید لکھا کہ ‘ابھی ایک امید ہے کہ بہت جلد سب ٹھیک ہو جائے گا، پر ہمارے کشمیری بہن بھائی، کبھی ان کا بھی سوچو’۔
پاکستان میں کورونا کی صورتحال
ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 799 ہو گئی جب کہ مہلک وائرس سے بچاؤ کے لیے سندھ بھر میں 22 مارچ کی رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔
اتوار کو ملک میں کورونا وائرس کے 166 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے پنجاب میں86، سندھ میں 60، گلگت بلتستان میں 16 اور بلوچستان میں 4 نئے کیس سامنے آئے جب کہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی۔