دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کے باعث جاپان میں ہونے والا بین الاقوامی ملٹی اسپورٹس ایونٹ ٹوکیو اولمپکس 2020 ملتوی ہونے کا امکان ہے۔
ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد جاپان میں رواں برس 24 جولائی سے 9 اگست تک کیا جانا تھا جس کے لیے جاپان میں بڑے پیمانے پر انتظامات بھی کیے جا رہے تھے۔
تاہم عالمگیر وبا کورونا وائرس کے جہاں کھیلوں کے دیگر ایونٹس منسوخ یا ملتوی ہوئے وہیں ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کینیڈا نے ٹوکیواولمپکس کے لیے اپنی ٹیم نہ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
جاپان کے وزیراعظم شنزو ابے نے بھی واضح اشارہ دیا ہے کہ ٹوکیواولمپکس کو ملتوی کرنا ناگزیر ہو سکتا ہے جب کہ جاپانی میڈیا کے مطابق اولمکپس کے منتظمین نے ممکنہ متبادل پلانز کے بارے میں سوچ بچار شروع کر دی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کورونا وائرس کے خدشے پیش نظر ٹوکیو اولمپکس ملتوی کرنے کی تجویز پیش کر چکے ہیں جب کہ امریکا کے آن لائن جریدے یو ایس اے ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے دو تہائی سے زیادہ کھلاڑیوں کی بھی یہی رائے ہے کہ اس وبا کے باعث ٹوکیو اولمپکس کو ملتوی کر دینا چاہیے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان سپر لیگ، آئی پی ایل، انگلیڈ اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز سمیت کھلیوں کے کئی ایونٹس اب تک منسوخ ہو چکے ہیں۔