فیس بک ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے ڈارک موڈ کا فیچر دستیاب


اگر آپ فیس بک کو ڈیسک ٹاپ پر استعمال کرنا پسند کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس کے مکمل طور پر ری ڈیزائن ورژن کو جمعے سے متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

یہ ری ڈیزائن اس سے قبل صرف فیس بک موبائل ایپ تک محدود تھا مگر گزشتہ سال کمپنی نے سالانہ ڈویلپر کانفرنس میں اسے ڈیسک ٹاپ ورژن کے لیے متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔

اس نئے ڈیزائن میں فیس بک کے 2 اہم ترین فیچرز ایونٹس اور گروپس پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کی ہے۔

فی الحال یہ صارفین کی مرضی ہوگی کہ وہ نئے ورژن کا استعمال کریں یا کلاسیک ورژن کو ہی ترجیح دیں مگر اس سال کے آخر تک یہ نیا ڈیزائن بائی ڈیفالٹ ہوگا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر ابھی یہ نیا ورژن آپ تک نہیں پہنچا تو بہت جلد آپ اسے دیکھ سکیں گے۔

گزشتہ سال کے موبائل ری ڈیزائن کی طرح یہ نیا ڈیسک ٹاپ ورژن زیادہ صاف اور سادہ ڈیزائن پر مشتمل ہے جس میں سفید رنگ کی بھرمار ہے۔

اس میں بڑے فونٹ اور بہتر آئیکون دکھائے گئے ہیں جبکہ پہلی بار ڈارک موڈ کا آپشن بھی صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

موبائل ایپ کی طرح اب نئے ڈیسک ٹاپ ڈیزائن میں بھی فیس بک کے اہم فیچرز تک فوری رسائی ممکن ہے جبکہ فیس بک اسٹوریز کو اپ ڈیٹ اسٹیٹس باکس کے اوپر منتقل کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ری ڈیزائن مینیوبار بھی دیا جارہا ہے۔

اس ری ڈیزائن کی سب سے نمایاں تبدیلی گروپس کا نیا ٹیب ہے جو مینیو بار میں دیا گیا ہے، جس پر کلک کرکے گروپس کی اپ ڈیٹس پر مبنی فیڈ دیکھنا ممکن ہوگا، جبکہ صارف کی دلچپسی کو مدنظر رکھ کر نئے گروپس کی سجیشن بھی دی جائے گی۔

اگر آپ ابھی اس نئے ڈیزائن کو آزمانا چاہتے ہیں تو اکائونٹ میں لاگ ان ہوکر سیٹنگز میں جائیں اور وہاں سی نیو فیس بک پر کلک کریں۔

اگر آپ کو یہ پسند نہ آئے تو آپ واپس وہاں جاکر سوئچ ٹو کلاسیک فیس بک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

ایک اور خاص فیچر ڈارک ورژن ہے جو فی الحال موبائل ایپ میں بھی دستیاب نہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں