حکومت نے ملک بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 60 کروڑ ڈالر (9 ارب روپے سے زائد) کے ایمرجنسی پیکج کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کا کہنا ہے کہ وزارت اقتصادی امور تقریباً 60 کروڑ ڈالر کے ایمرجنسی پیکج کو حتمی شکل دے رہی ہے۔
حماد اظہر کا کہنا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے مختص فنڈ پورے ملک میں استعمال ہوگا جب کہ اس کے علاوہ ایشائی ترقی بینک کی جانب سے پاکستان کو ملنے والے ساڑھے 7 ارب روپے بھی نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو دیے جائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ این ڈی ایم اے کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فنانس ڈویژن کی جانب سے پہلے ہی فنڈ جاری کیا جاچکا ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ چین نے کورونا سے نمٹنے کےلیے 40 لاکھ ڈالر کی گرانٹ جاری کی ہے جس پر ہم چین کے شکر گذار ہیں۔
حماد اظہر کے مطابق چین نے 3 لاکھ میڈیکل فیس ماسک ،10 وینٹی لیٹرز اور دیگر طبی سامان بھی مہیا کیا گیا ہے، جب کہ چین نے مزید وینٹی لیٹرز بھی فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے آج مزید 152 کیسز سامنے آ گئے ہیں جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 456 ہو گئی ہے۔