اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صارفین کو سہولت فراہم کرتے ہوئے آن لائن فنڈ ٹرانسفر پر رقم کی کٹوتی ختم کردی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں کہ صارفین کو بینک ( اے ٹی ایم) جانے اور نقدی ہاتھ میں لینے کی ضرورت کم سے کم پڑے۔
اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولیات جیسے انٹرنیٹ بینکنگ اور موبائل بینکنگ کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے انٹر بینک فنڈ ٹرانسفر یا آن لائن فنڈ ٹرانسفر پر تمام چارجز ختم کردیے گئے ہیں، جس کے بعد صارفین بغیر چارجز کے رقوم کی آن لائن منتقلی سے بینک یا اے ٹی ایم جانے کی زحمت سے بچ سکتے ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے ڈیجیٹل لین دین کے دوران ممکنہ فراڈ سے بچنے کے لیے بھی بینکوں کو ہدایات کی ہیں کہ وہ سائبر نگرانی کو سخت سے سخت بنائیں۔