پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا سلسلہ جاری ہے اور آج کاروباری ہفتے کے چوتھے روز مسلسل بدترین مندی کے باعث کاروبار کو پھر روک دیا گیا۔
جمعرات کو کاروبار کا آغاز ہوا تو ایک ہفتے سے زائد عرصے سے جاری مندی کا رجحان ختم نہ ہوسکا اور ابتدا میں ہی کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار 752 پوائنٹس گر کر 28 ہزار 664 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
یہاں یہ مدنظر رہے کہ یہ رواں ہفتے میں تیسری جبکہ 2 ہفتوں میں چھٹی مرتبہ ہے کہ مندی کے باعث کاروبار کو معطل کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ بورس رولز کے مطابق کے ایس ای 30 انڈیکس 4 فیصد یا اس سے زائد گر جائے اور 5 منٹ تک برقرار رہے تو کاروبار کو 45 منٹ کے لیے روک دیا جاتا ہے۔
بعد ازاں کاروبار جب دوبارہ بحال ہوا تو ایک وقت کو انڈیکس مزید گرتا دیکھا گیا تاہم پھر اس میں ریکوری ہوئی اور دن 12 بجکر 15 منٹ پر 100 انڈیکس 247 پوائنٹس کی کمی کے بعد 30 ہزار 168 پوائنٹس پر آگیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کے ایس ای 100 انڈیکس 2 ہزار 200 پوائنٹس کم ہونے کے بعد 30 ہزار 416 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
گزشتہ روز جب کاروباری دن کا آغاز ہوا تھا تو تقریباً ایک گھنٹے بعد 1682 پوائنٹس کی کمی کے بعد کاروبار کو معطل کرنا پڑا تھا۔
منگل یعنی 17 مارچ کو بھی سرمایہ کاروں میں کورونا وائرس کے حوالے سے بے چینی کے باعث شدید مندی کا رجحان جاری رہا تھا اور ایک ہزار پوائنٹس کی کمی کے ساتھ کے ایس ای-100 انڈیکس 32 ہزار 650 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
اگر رواں ہفتے کے آغاز کی بات کریں تو پیر کو کاروبار کا اختتام چار ماہ کی کم ترین سطح 2 ہزار 416 پوائنٹس کے ساتھ 33 ہزار 644 پوائنٹس پر ہوا تھا جبکہ اسی روز کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار 651 پوائنٹس گرنے پر کاروبار روکا گیا تھا۔
پیر کو دیکھی جانے والی شدید مندی کے باعث مارکیٹ سے 382 ارب روپے کی بھاری رقم صاف ہوگئی تھی۔