اسلام آباد: محکمہ صحت اور مقامی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے چینی باشندوں سے کروڑوں روپے مالیت کے میڈیکل ماسک برآمد کرلیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی میں محکمہ صحت اور انتظامیہ کو اطلاع ملی کہ سکس روڈ پر واقع ایک مکان میں مقیم چینی باشندوں نے بڑے پیمانے پر میڈیکل ماسک ذخیرہ کر رکھے ہیں۔ ریکی کے دوران چینی باشندے اسلام آباد کے سیکٹر ایف 6 میں واقع ایک اور مکان میں پہنچے جہاں محکمہ صحت اور انتظامیہ نے مشترکہ طور پر چھاپہ مارا اور وہاں سے بڑی تعداد میں میڈیکل ماسک برآمد ہوئے۔
اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر اقبال سنگھیڑا کا کہنا ہے کہ مکان سے ایک لاکھ 95 ہزار ماسک برآمد ہوئے ہیں جن کی مالیت 2 کروڑ روپے ہے۔ ان ماسک کو بلیک میں فروخت کرنے کے لیے ذخیرہ کیا گیا تھا۔ 4 چینی باشندوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔