سری نگر: کورونا وائرس نے مقبوضہ کشمیر کو بھی لپیٹ میں لے لیا جہاں 5 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حکام نے مسافروں سمیت مقبوضہ وادی میں 104 افراد کے نمونے ٹیسٹ کیلئے بھیجے، جن میں سے 87 افراد کا ٹیسٹ منفی جبکہ پانچ افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے تاہم 12 افراد کے ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔ کورونا وائرس کا شکارہونے والے تین افراد کا تعلق لداخ اوردو کا تعلق جموں سے ہے۔
اس سے قبل حکام کی جانب سے 2 ہزار157 افراد میں کورونا وائرس کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ اٹھارہ سو 29 افراد کو 14 دنوں کیلئے گھروں میں محصور کردیا گیا جبکہ 29 افراد اسپتال میں داخل ہیں تاہم 131 افراد کی گھروں میں نگرانی جاری ہے۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 5800، مریض ایک لاکھ 62 ہزار600 ہوگئے ہیں۔