کورونا قومی آفت قرار، کئی افریقی ممالک نے سرحدیں بند اور پروازیں منسوخ کر دیں


جنوبی افریقا اور کینیا سمیت بیشتر افریقی ممالک نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر  اپنی سرحدیں اور تعلیمی ادارے بند کرنے کے علاوہ متاثرہ ملکوں کے لیے پروازیں بھی منسوخ کر دیں۔

جنوبی افریقا کے صدر نے کورونا وائرس کو قومی آفت قرار دے کر ملک میں 100 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی لگا دی۔

جنوبی افریقی صدر نے اٹلی، جرمنی، چین اور امریکا آنے جانے والی پروازیں بھی معطل کر دی ہیں۔

جنوبی افریقا میں کورونا وائرس کے 61 کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد کینیا اور گھانا نے متاثرہ ملکوں سے سفری رابطہ منقطع کر دیا ہے جب کہ اسکول اور یونیورسٹیاں بھی بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

نمیبیا نے ایک ماہ کے لیے اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے اور تمام بین الاقوامی پروازیں بھی منسوخ کردی ہیں جب کہ تنزانیہ نے بھارت کے لیے پروازیں بھی روک دی ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال

عالمی وباء سے 157 ممالک متاثر ہو چکے ہیں جس کے بعد کل کیسز کی تعداد ایک لاکھ 69 ہزار سے ہوگئی ہے جب کہ دنیا بھر میں اموات کی تعداد ساڑھے 6 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق وائرس پر اب قابو پایا جا رہا ہے اور مریضوں کی تعداد میں واضح کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

چین کے بعد دنیا بھر میں اٹلی میں وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 24 ہزار سے زائد ہے جب کہ ہلاکتیں 1800 سے تجاوز کرچکی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں