کراچی: ادکارہ مایا علی کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپنے بھائی کی شادی میں مرحوم والد کو یاد کرتے ہوئے روپڑیں۔
چند روز قبل اداکارہ مایا علی کے بھائی عفان قریشی کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں، مایا علی نے اپنے بھائی کی شادی کے خوبصورت لمحات کو سوشل میڈیا پر خود بھی شیئر کیا تھا، تاہم اب انہوں نے ایک جذباتی پوسٹ شیئر کی ہے جس میں وہ اس خوشی کے موقع پر مرحوم والد کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں۔
مایا علی نے اپنی پوسٹ میں والد کے لیے پیغام بھی لکھا ہے ’’شادی کا مطلب ہوتا ہے وہ لمحات جب آپ کے اپنے آپ کے پاس ہوتے ہیں، سب لوگ مل کر اپنی خوشیوں کا جشن مناتے ہیں لیکن بابا آپ وہاں نہیں تھے، میں آپ کو ڈھونڈنے کی کوشش کررہی تھی، وہاں آپ کے سوا ہر کوئی تھا لیکن آپ وہاں مجھے گلے لگانے کے لیے موجود نہیں تھے، اس کے ساتھ مایا علی نے نہایت جذباتی لہجے میں اپنے والد کے لیے دعا کی کہ خدا آپ کو جنت کے اعلیٰ درجے پر فائز کرے آمین۔‘‘