’عمران صاحب! آپ کے جاگنے کا شکریہ‘


وزیر اعظم عمران خان کے ملک میں کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کے بیان پر مسلم لیگ ن کی ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب!   آپ کے جاگنے کا شکریہ۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ‎آپ کی جاری کردہ ہدایت تو 2 کروڑ ماسک بیرون ملک اسمگل کرنے کی تھی جس پر عمل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ  ‎آٹا، بجلی، گیس، چینی چوری اور اسمگل کرائی، اور اب حفاظتی ماسک اسمگل کروا دیئے مگر اب اب “ہیجان” کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عمران صاحب! آپ کے جاگنے کا شکریہ، دو کروڑ ماسک اسمگل کروا کے آپ نے قوم کی صحت و سلامتی کے لیے جو “مناسب انتظام” کیا ہے، ہمیں وہ معلوم ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم  اب ٹویٹ کر کے لیکچر نہ دیں بلکہ جواب دیں کے ماسک، آٹا، چینی اور دو کروڑ ماسک کیوں اسمگل کرائے جن سے لوگوں کی زندگی جُڑی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’میں کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کی ذاتی نگرانی کر رہا ہوں، قوم کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، اس حوالے سے قوم سے جلد خطاب کروں گا‘۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں‘۔


اپنا تبصرہ لکھیں