کراچی: اداکارہ میرا کی گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’’باجی‘‘ برطانوی ایشین فلم فیسٹیول میں دکھائی جائے گی۔
اداکارہ میرا، عثمان خالد بٹ اور آمنہ الیاس کی فلم ’’باجی‘‘ رواں سال لندن میں برطانوی ایشین فلم فیسٹیول 2020 میں دکھائی جائے گی۔ یہ فیسٹیول 25 مارچ سے5 اپریل تک منعقد کیا جائے گا اور فلم ’’باجی‘‘ فیسٹیول کے دوران تین بار دکھائی جائے گی۔
’’باجی‘‘ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کی جانے والی اطلاع کے مطابق فلم کی پہلی بار27 مارچ کو اے آر سی آرٹس سینٹر اسٹاکٹن میں نمائش کی جائے گی، دوسری بار فلم 29 مارچ کو اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاس گو کی اسٹریتھکلائیڈ یونیورسٹی میں دکھائی جائے گی اور تیسری بار یکم اپریل کو ریجنٹ اسٹریٹ سینما لندن میں دکھائی جائے گی۔
اگرچہ دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کے باعث متعدد فیسٹیولز اور کانفرنسز منسوخ کردئیے ہیں تاہم برطانوی ایشین فلم فیسٹیول کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کا یہ فیسٹیول منسوخ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فلم ’’باجی‘‘ موزیک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول اور وینکورانٹر نیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول کی زینت بھی بن چکی ہے۔ موزیک فلم فیسٹیول میں ’’باجی‘‘ دو ایوارڈز بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔