کورونا وائرس؛ ایشیائی بینک کا ہیڈ کوارٹر بند، ملازمین کو گھر سے کام کی ہدایت


منیلا: ایشیائی ترقیاتی بینک نے کورونا وائرس کے پیش نظر اپنا ہیڈ کوارٹر بند کرکے ملازمین کو گھر بیٹھ کر کام کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بینک ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت کے پیش نظر اے ڈی بی ہیڈ کوارٹر کی عمارت ملازمین کے لئے عارضی طور پر بند کی گئی ہے کیونکہ بینک انتظامیہ کیلئے اپنے عملے اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت سب سے زیادہ اہم ہے۔ یہ ہدایات اے ڈی بی کے صدر دفتر آنے والے وزیٹرز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر  جاری کی گئی ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اے ڈی بی ملازمین 12 مارچ سے عارضی طور پر گھر سے ہی کام کریں گے تاہم بینکنگ آپریشنز جاری رہیں گے، دیگر حفاظتی اقدامات کے بعد بینک دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا جائے گا۔

دوسری جانب عالمی ادارہ برائے صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس سے پھیلنے والے مرض کو ’عالمی وبا‘ (پینڈیمک) کا درجہ دیدیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں