فخر زمان نے لاہور قلندرز کے اعتماد کی لاج رکھ لی


لاہور:  فخرزمان نے لاہور قلندرز کے اعتماد کی لاج رکھ لی،اوپنر مسلسل ناقص کارکردگی کے باوجود پشاور زلمی کیخلاف موقع دیے جانے پر فتح گر اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے۔

فخر زمان کی فارم لاہور قلندرز کیلیے پریشانی کا باعث بنی ہوئی تھی، ان کو ڈراپ بھی کیا گیا لیکن پھر اعتماد دیتے ہوئے کراچی کنگز کیخلاف میچ میںآزمایا گیا، ایک بار پھر ناکامی ہوئی، خدشہ یہی تھا کہ پشاور زلمی کیخلاف ڈراپ یا کم از کم بیٹنگ آرڈر تبدیل کردیا جائے گا لیکن ٹیم مینجمنٹ نے ایک بار پھر اعتماد کیا، فخر زمان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے فتح کا راستہ بنایا اور مین آف دی میچ ایوارڈ لے اڑے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اوپنر نے کہا کہ لاہور قلندرز کی مینجمنٹ کھلاڑیوں کو بہت سپورٹ کرتی ہے۔ اگر کوئی ناکام بھی ہو رہا ہو تو اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے موقع دیا جاتا ہے، کراچی کنگز کیخلاف میچ میں جلد آؤٹ ہونے کے باوجود مجھے پھر اوپننگ کیلیے بھیجا گیا، اگر میں خود کپتان ہوتا تو فخر زمان کو ون  یا ٹو ڈاؤن پوزیشن پر کھیلنے کیلیے بھیجتا لیکن مینجمنٹ نے اعتماد کیا جس کا فائدہ ہوا۔

پشاور زلمی کے خلاف 46 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیلنے والے فخر زمان نے کہا کہ پلان یہی تھا کہ ابتدائی6اوورز میں وکٹ نہیں گنوانی بلکہ سیٹ ہونا ہے، میں نے کریز پر ٹھہرنے کی کوشش کی اور پھر رنز بھی بننا شروع ہو گئے۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ مجھے اب بھی نہیں لگ رہا کہ کھوئی ہوئی فارم واپس حاصل کر لی ہے۔ کرس لین بیٹنگ کیلیے آئے تو مجھ سے کہا کہ میں جارحانہ کھیلتا ہوں آپ اپنی بیٹنگ جاری رکھیں، بین ڈنک آؤٹ ہو کر پویلین واپس جا چکے، کرس لین بھی نہیں تھے پھر بھی یقین تھا کہ ٹیم کامیابی حاصل کر لے گی،انھوں نے کہا کہ ڈیوڈ ویسی اس سے قبل بھی لاہور قلندرز کو کامیابیاں دلا چکے اور ہمیں امید تھی کہ وہ چھکے لگا سکتے ہیں اور پھر یہی ہوا جس کی خوشی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں