لاہور: بارش نے شائقین کرکٹ کے ارمان بھی ٹھنڈے کردیے، قذافی اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے درمیان سنسنی خیز مقابلے کی توقع لیے آنے والے افراد کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
پی ایس ایل 5کے میچز میں موسم کی دخل اندازی بڑھتی جا رہی ہے، گذشتہ روز ملتان سلطانزاورکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے درمیان شیڈول میچ میں ٹاس بھی نہ ہو سکا، رات8 بجے امپائرز نے مقابلے کی منسوخی کا باقاعدہ اعلان کردیا۔
اس موقع پرقذافی اسٹیڈیم میں موجود شائقین انکلوژرزکے شیڈزمیں جگہ ڈھونڈکربارش سے بچنے کی ناکام کوشش کرتے رہے، وہ جس طرح بھیگتے ہوئے اسٹیڈیم آئے تھے۔ اسی طرح انھیں گھروں کی بھی راہ لینا پڑی،اس موقع پر لوگ بیحد مایوس نظر آئے، موسم کے تیور دیکھ کر شائقین کی بہت زیادہ تعداد اسٹیڈیم نہیں آئی تھی، ٹکٹ خریدنے والوں کو اب پوری رقم واپس ملے گی۔
پی ایس ایل شرائط وضوابط کے مطابق اگربارش کی وجہ سے میچ کا ٹاس بھی نہ ہو اور باہمی رضامندی سے اختتام کا اعلان کردیا جائے توٹکٹ ہولڈرزکوپوری رقم واپس ملتی ہے،5 اوورز سے کم کھیل میں75 فیصد رقم دی جاتی ہے،اگر پانچ اوور یا 10 اوورز سے کم کا کھیل ہوتو آدھے پیسے واپس دیے جاتے ہیں،10 اوورز سے زیادہ کا کھیل ہونے پر ٹکٹ ہولڈرز کوکوئی رقم واپس نہیں کی جاتی۔