بابر اعظم ورلڈ کپ کی منصوبہ بندی میں بھی مصروف


کراچی: 

 بابر اعظم پی ایس ایل کے ساتھ ٹی 20 ورلڈ کپ کی منصوبہ بندی میں بھی مصروف ہیں۔

بابر اعظم پی ایس ایل میں جہاں اپنی ٹیم کراچی کنگز کی فتوحات کیلیے کوشاں ہیں وہیں بطور قومی ٹی 20 کپتان اپنی ذمہ داری کو بھی نہیں بھولے ہیں، وہ ایسے پلیئرز پر نظر رکھے ہوئے ہیں جو اسی سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ میں کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ پی ایس ایل اور ورلڈ کپ دو یکسر مختلف چیزیں ہیں ، میں سپر لیگ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہوں مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں ورلڈ کپ کے بارے میں نہیں سوچ رہا، میں یہ بھی دیکھ رہا ہوں کہ کون اچھی بیٹنگ یا بولنگ کررہا ہے، میں اس پر نظر رکھے ہوئے ہوں کہ کون آسٹریلوی کنڈیشنز میں موزوں ثابت ہوسکتا ہے، قیادت نے مجھے بہت سی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں، پہلے میں اپنی بیٹنگ کی فکر کرتا تھا اب پوری ٹیم کے بارے میں سوچتا ہوں۔

ایک سوال پر بابر نے کہاکہ کپتانی قدرے مشکل کام ہے مگر میں انڈر 19 لیول پر قیادت کرچکا، اگرچہ اس میں اور انٹرنیشنل کرکٹ میں فرق موجود مگر مجھے بہتری کی امید ہے۔

اپنی ٹیسٹ پرفارمنس میں بہتری کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں نے دورئہ جنوبی افریقہ کے دوران خود کو کافی بہتر کیا، وہیں یہ جانا کہ سیشن در سیشن کیسے آگے بڑھتے اور رنز بناتے ہیں، آسٹریلیا کا ٹور بھی کافی اچھا رہا، پہلے جب میں وہاں گیا تھا تو مشکلات کا شکار رہا مگر اس بار کافی بہتر کھی پیش کیا، میرے لیے یہ غیرمعمولی کامیابی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں