کراچی:
پاکستان فلم اور ڈراما انڈسٹری کے سینئر ترین اداکار جاوید شیخ نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں اپنے کیریئر سے متعلق وہ باتیں شیئر کیں جو شاید آج تک کوئی نہیں جانتاتھا۔ جاوید شیخ نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کی شروعات بطور ایکسٹرا کی تھی۔ میں نے ریڈیو پاکستان میں 5 بار آڈیشن دیا اور پانچوں بار فیل ہوا لیکن دلبرداشتہ نہیں ہوا۔ اور چھٹی بار مجھے سلیکٹ کرلیا گیا اور میں نے صرف ایک لائن بولی۔
ٹی وی پر کام کرنے کے حوالے سے جاوید شیخ نے بتایا کہ اس وقت نیا نیا ٹی وی آیا تھا تو میں ایک سفارشی اداکار کے طور پر گیا۔ میں نے آفتاب افغانی صاحب جو پروڈیوسر تھے کو کہا کہ مجھے ٹی وی پر کام کرنا ہے ۔ انہوں نے پی ٹی وی کراچی کے پروڈیوسر و ہدایت کار امیر امام صاحب کو فون کیا اور میرے بارے میں بات کی اور اس طرح مجھے ایک چھوٹا سا کردار ملا جو ایک ملازم کا تھا۔
جاوید شیخ نے مزید کہا اس وقت جو ماحول ہے اور پاکستان بھارت کے جو حالات چل رہے ہیں اس صورتحال میں یہاں بھارتی فلمیں اور ڈرامے بھی نہیں دکھانے چاہیئں۔