اسلام آباد:
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور دیگر شوگر ملز مالکان سے بغیر ٹینڈر چینی خریداری کا فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز ذوالقرنین خان نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شوگر ملز مالکان سے ایک لاکھ ٹن چینی خریدنے کیلئے کابینہ سے خصوصی اجازت لی جائیگی، جس کی سمری منظوری کے لئے کابینہ کو بھجوا دی ہے۔
چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز ذوالقرنین خان نے کہا کہ شوگر ملز مالکان یوٹیلیٹی اسٹورز کو کم نرخوں پر چینی دیں گے، وزیراعظم عمران خان کی مداخلت سے شوگر مالکان سستے داموں چینی دینے کو تیار ہوئے ہیں، جہانگیر ترین نے وزیراعظم کو کہا ہے کہ عوام کیلئے ڈیڑھ ارب کا نقصان برداشت کرنے کو شوگر مالکان تیار ہیں۔
ذوالقرنین خان نے مزید کہا کہ شوگر ملز مالکان کی جانب سے یہ چینی مارکیٹ کے مقابلے میں سستے داموں مل رہی ہے، مارکیٹ ریٹ 81 روپے کلو ہے جبکہ ہمیں جہانگیر ترین سے 67 روپے کلو میں چینی ملے گی۔