لاہور:
فخرزمان نے کہا کہ اچھی پرفارمنس سے مداحوں کی توقعات پر پورا اترنے کیلیے کوشاں ہوں، پہلی گیند سے ہارڈ ہٹنگ آسان نہیں، جلد وکٹ گرنے سے دباؤ بڑھ جاتا ہے، لاہور قلندرز ناراض شائقین کے چہروں پر خوشیاں لانے کی کوشش کررہے ہیں۔
جارح مزاج اوپنر نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو میں کیا، فخر زمان نے کہاکہ ہوم کراؤڈ کے سامنے عمدہ پرفارم کرنا ہر کرکٹر کا مقصد ہوتا ہے، کھیل میں بعض اوقات پوری کوشش کے باوجود کارکردگی اچھی نہیں رہتی، مجھے یقین ہے کہ جلد ایک بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوجاؤں گا۔
فخر زمان نے پی ایس ایل کے تمام 34 میچز پاکستان میں ہونے کو بہت اہم کامیابی قرار دیا، انھوں نے کہا کہ گذشتہ سیزن میں لاہور قلندرز کی کپتانی کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا تھا، اس سے مجھے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، اس سطح پر قیادت میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔
فخر زمان نے اے بی ڈی ویلیئرز اور ایڈم گلکرسٹ کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہوئے ان جیسا کھیل پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں موجود تمام فاسٹ بولرز ہی زبردست ہیں،البتہ مجھے بمرا اور آرچرکا سامنا کرنے میں لطف آتا ہے۔ فخرزمان نے مزید کہا کہ کے پی میں بھی پی ایس ایل میچز کرانے کی ضرورت ہے، پشاور اورگرد ونواح سے بہت ٹیلنٹ سامنے آ رہا ہے، پی سی بی کو وہاں کرکٹ سہولیات کی فراہمی پر توجہ دینا چاہیے۔