ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیکر پلے آف میں رسائی حاصل کرلی


راولپنڈی: 

پی ایس ایل فائیو کے 22ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 9 وکٹ سے شکست دے دی۔ 

راولپنڈی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کا 22واں میچ بارش کے باعث 9،9 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرررہ اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 97 رنز بنائے جس کے جواب میں ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف 7ویں اوور میں ہی ایک وکٹ کے نقصان پر آسانی سے پورا کرلیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے جیمز ونس اور ذیشان اشرف نے ٹیم کو 68 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا، ذیشان 16 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بنے۔ جیمز ونس نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 20 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، وہ 61 رنز پر ناقابل شکست رہے جب کہ معین علی بھی 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے  قبل ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بالترتیب 18 اور 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد کولن انگرام بھی 6 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔

کپتان شاداب خان کی اننگز بھی صرف 14 رنز تک ہی محدود رہی، آصف علی بھی توقعات پر پورا نہ اترسکے اور صرف 4 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر اور جنید خان نے 2،2 جب کہ معین علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں پہلی بار تمام میچز ملک میں ہورہے ہیں جس کے لیے کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی کے اسٹیڈیم کا انتخاب کیا گیا تاہم خراب موسم کی وجہ سے راولپنڈی میں شیڈول میچز بارش کی وجہ سے متاثر ہورہے ہیں اور آج بھی اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار رہا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ 2 بجے شروع ہونا تھا تاہم بارش کی وجہ سے میچ کا ٹاس 3:50 پر ہوا اور امپائرز نے گراؤنڈ کا معائنہ کرنے کے بعد میچ کو 9،9 اوورز تک محدود کردیا یوں پاور پلے بھی صرف 3 اوورز پر مشتمل ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں