ڈیوس کپ؛ پاکستان میں انٹرنیشنل ٹینس میلہ کل سجے گا


اسلام آباد: 

 پاکستان میں انٹرنیشنل ٹینس کا میلہ جمعے سے سجے گا، سلووینیا سے ڈیوس کپ ٹائی مقابلے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس کے گراس کورٹ میں کھیلے جائیں گے۔

قومی ٹیم کو معروف اسٹار اعصام الحق اور عقیل خان کے علاوہ مزمل مرتضیٰ ، ہیرا عاشق اور محمد عابد کی خدمات میسر ہیںِ، اس حوالے سے قومی ٹیم کے نان پلیئنگ کوچ مصحف ضیا کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کوگراس کورٹ پر ڈیوس کپ کے میچز کھیلنے کا فائدہ ہوگا۔

سلووینیا کی ٹیم پہلی بار ڈیوس کپ ٹائی کیلیے پاکستان کی مہمان بنی ہے، ٹائی میں ہمیشہ مقابلہ سخت ہوتا ہے،گراس کورٹ کی وجہ سے ہمارا جیتنے کا چانس ففٹی ففٹی ہے، کیونکہ گراس کورٹس فاسٹ ہوتی ہیں، جس کا مہمان پلیئرز کو تجربہ نہیں۔

ایک سوال پر مصحف ضیاء نے کہا کہ ٹائی ایک دفعہ گراس پرہوتوشفٹ نہیں ہوسکتی، بارش ہوئی توانتظار کیا جاتا ہے،اسکے بعد متفقہ فیصلہ کیا جاتا ہے کہ میچ منسوخ کرنا ہے منتقل کرنا ہے۔

اعصام الحق نے کہاکہ نمبر ون اور نمبر ٹو کے آنے سے فرق نہیں پڑتا،سلووینیا کے پلیئرز تواتر سے کھیلتے رہتے ہیں، ہمیں ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ہے۔ عقیل کے ساتھ ہمیشہ میرا اچھا تال میل رہا ہے، اپنے تجربہ کا فائدہ اٹھانا چاہیں گے، میں ان مقابلوں کیلیے مکمل فٹ ہوں البتہ بارش کی وجہ سے فرق پڑ سکتا ہے،باقی کھلاڑیوں کوبھی چانس ملے گا، پانچوں میچزکھیلنا میرے اور عقیل خان کے لیے مشکل ہے، دنیا کے بہترین گراس کورٹ پاکستان میں ہیں۔

انگلینڈ اور آئی ٹی ایف کے آفیشلز نے دورہ کیا ہے اور وہ لوگ انٹرنیشنل سطح کے معیار کے مطابق گراس کورٹ دیکھ کر بہت خوش ہوئے ہیں، عقیل خان نے کہاکہ گذشتہ 10دن سے ڈیوس کپ مقابلوں کیلیے کیمپ میں محنت کر رہے ہیں، ہماری تیاری بہت اچھی ہے۔

مزمل مرتضی نے کہاکہ ڈیوس کپ میں کھیلنے کا موقع ملا تو اچھی کارگردگی دکھائیں گے، ہیرا عاشق نے کہا کہ گراس کورٹ پر کھیلنے سے ہماری کارکردگی میں اضافہ ہو گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں