چین کے ایک پبلشنگ ہاؤس نے ایران کو جان لیوا کورونا وائرس کی روک تھام اور کنٹرول پر لکھی گئی ایک چینی کتاب کا فارسی میں ترجمہ کرنے کے حقوق مفت میں فراہم کر دیے۔
سی جی ٹی این کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’چینی پبلشنگ ہاؤس ایران کو مفت کاپی رائٹ فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ کورونا وائرس کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے گائیڈ بُک کا فارسی میں ترجمہ کر کے اسے پڑھ سکیں‘۔
ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’شنگھائی کورونا وائرس کے علاج معالجے کے گروپ کے ڈائریکٹر جانگ وینہونگ کی سربراہی میں ایک ٹیم کے ذریعہ لکھی گئی اس کتاب کی ڈیجیٹل کاپی کو عوام مفت ڈاؤن لوڈ کرسکتی ہے‘۔
اضح رہے کہ چین سے پھیلنے والے جان لیوا کورونا وائرس سے اب تک 60 سے زائد ممالک متاثر ہوچکے ہیں جب کہ وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 3000 سے تجاوز کر چکی ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث چین کے بعد ایران میں اب تک سب سے زیادہ ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
ایران میں کورونا وائرس سے گزشتہ روز مزید 12 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد 66 ہوگئی جب کہ ملک بھر میں وائرس کے مزید 523 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کیسز کی تعداد 1501 ہوگئی۔
پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے پانچ کیسز سامنے آئے ہیں اور یہ تمام وہ افراد ہیں جو ایران سے واپس لوٹے ہیں۔