کورونا وائرس: سندھ نجی اسکول کی رجسٹرار کی اسکول بند رکھنے کی اپیل


کراچی: ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق کے باعث رجسٹرار سندھ نجی اسکول رافعہ جاوید نے تمام نجی اسکولوں کی انتظامیہ سے اسکول بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔

حکومت کی جانب سے تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات کے باوجود آج اور گزشتہ روز کئی علاقوں میں نجی اسکول کھولے گئے۔

یو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رجسٹرار سندھ نجی اسکول رافعہ جاوید نے بتایا کہ ہم نے کوئی اسکول زبردستی بند نہیں کروایا سب سے درخواست کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم متاثر نہیں ہوگی، ان کی حفاظت کے لیے اسکول بند کیے گئے ہیں لہذا درخواست ہے کہ بچوں کی صحت کے پیش نظر اسکول بند رکھیں۔

رجسٹرار نجی اسکولز کے مطابق احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کی جارہی ہے۔

رافعہ جاوید کا کہنا تھاکہ مختلف اسکولوں کا دورہ کیا جارہا ہے، اس دوران صدر کے علاقے میں ایک نجی اسکول کی پرنسپل نے دھمکی دی تاہم حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر 2 دن میں 50 سے زائد اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کی جاچکی ہے۔

واضح رہے کہ  پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید دو کیسز سامنے آنے کے بعد سے  وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اسکولوں کو 13 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں