پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں جہاں غیر ملکی کھلاڑی گراؤنڈ میں شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کر کے شائقین کرکٹ کا دل جیت رہے ہیں تو وہیں غیر ملکی کھلاڑی پاکستانی عوام کو محظوظ کرنے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے۔
نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی گرانٹ ایلیٹ نے پاکستانی گلوکار و اداکار فخر عالم اور قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کے ساتھ پنجابی، پشتو اور بلوچی گانے پر زبردست ڈبنگ کر کے سب کو محظوظ کیا۔
اس حوالے سے پاکستانی اداکار و گلوکار فخر عالم اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں جسے صارفین کی جانب سے بے حد پسند بھی کیا جا رہا ہے۔
فخر عالم کی جانب سے نیوزی لینڈ کے کھلاڑی اور اظہر علی کے ساتھ سب سے پہلے پنجابی ڈائیلاگ پر ڈبنگ کی گئی۔
بعدازاں فخر عالم نے گرانٹ ایلیٹ کے ساتھ ایک اور ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ‘میں پاکستان ہوں‘ گانے کے بول پر ڈبنگ کر رہے ہیں۔
فخرِ عالم کی جانب سے شیئر کی جانے والی ان دلچسپ ڈبنگ کے بعد صارفین نے بھی مزید گانوں پر ڈبنگ کرنے کا مطالبہ کیا جس کے بعد اداکار و گلوکار نے نیوزی لینڈ کے کھلاڑی کے ساتھ پشتو گانے پر ڈبنگ کی۔
بعد ازاں فخرِ عالم، اظہر علی اور گرانٹ ایلیٹ نے بلوچی گانے پر ڈبنگ کر کے سب کو محظوظ کیا۔