کراچی:
واڈا کی جانب سے اسکواش کے سابق عالمی نمبر35ناصراقبال پرعائد کی جانے والی چار سالہ پابندی 29فروری کوختم ہوئی،2016 میں بھارت میں ہونے والے 12ویں ساؤتھ ایشین گیمزمیں اسکواش کا انفرادی ایونٹ جیت کرگولڈ میڈل حاصل کرنے والے ناصراقبال کا 7 فروری 2016کوڈوپ ٹیسٹ لیا گیا تھا جس میں ممنوعہ ادویات استعمال کرنے کے حوالے سے مثبت نتیجہ آیا تھا، تین روز بعد ’بی‘ سیمپل لینے پربھی نتیجہ مثبت رہا تھا، اس پران سے گولڈ میڈل واپس لے کر ورلڈ اسکواش فیڈریشن اور پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن نے انٹرنیشنل مقابلوں اورنمائشی میچز میں شرکت پابندی عائدکردی تھی۔
پاکستانی فیڈریشن کی کاوشوں کے نتیجے میں ورلڈ فیڈریشن نے ناصر اقبال کی پابندی ایک سال کردی، جس کے بعد انھوں نے دوانٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت بھی کی تاہم واڈا نے ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے اسپورٹس کی عالمی عدالت سے رابطہ کیا تھا، مذکورہ عدالت نے دلائل کی روشنی میں ناصر اقبال پر 4سالہ پابندی کا فیصلہ برقرار رکھا، جس کے بعد ناصر اقبال پر اسکواش کے دروازے بند ہوگئے۔