نئی دہلی: بھارتی حکومت کے متنازع شہریت کے قانون کے خلاف احتجاج کے دوران ہونے والے فسادات میں ہلاکتوں کی تعداد 20ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کی ہائیکورٹ نے شہر میں ہونے والے فسادات پر رات گئے ہنگامی سماعت کی اور پولیس کو شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی جب کہ عدالت نے فسادات میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی حکام نے صورتحال معمول پر آنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے بعد نئی دہلی میں دو روز سے بند میٹرو سروس اسٹیشنوں کو کھول دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جعفر آباد، موج پور، بابرپور اور گوکل پوری کے میٹرو اسٹیشنوں کو دو روز تک بند رکھا گیا۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ حکومت نے مشیر قومی سلامتی اجیت دوول کو نئی دہلی کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کا ٹاسک سونپا ہے جس کے بعد اجیت دوول نے منگل کی رات جعفر آباد، سیلام پور اور دہلی کے متاثرہ شمال مشرقی علاقوں کا دورہ کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی کے شمال مشرقی علاقوں میں اب بھی صورتحال کشیدہ ہے اور بدھ کی صبح گوکل پوری کی ایک مارکیٹ میں دکان کو آگ لگادی گئی۔
نئی دہلی کے گرو تیج بہادر اسپتال کے ایم ڈی نے ہنگاموں میں 18 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
جب کہ بھارتی خبر رساں ویب سائٹ این ڈی ٹی وی نے 20 افردا کی ہلاکت کی اطلاع دی اور فسادات میں 150 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کی صورتحال پر بدھ کے روز کابینہ کا اجلاس ہوگا جس میں اجیت دوول شہر کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔
شہر کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر موج پور، سیلام پور اور گوکل پوری کے علاقوں میں بھی سیکیورٹی انتہائی سخت ہے جہاں فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے۔
نئی دہلی کےوزیر اعلیٰ اروِند کجریوال نے شہر میں فوج بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ شہر کی صورتحال پولیس کے قابو سے باہر ہے، فوج بلانے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھیں گے۔
سوشل میڈیا پر حساس اور اشتعال انگیز مواد شیئر کرنے پر پابندی عائد
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس نے حالات کو قابو میں لانے کے لیے پورے شمال مشرقی ضلعے میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری حکمنامے میں ہتھیار یا کسی بھی آتشی اشیاء کے استعمال پر پابندی لگادی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی مذہبی منافرت پھیلانے، حساس اور اشتعال انگیز مواد شیئر کرنے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔
پولیس کے حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی بھی شخص مذکورہ احکامات کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
متنازع شہریت کا قانون
11 دسمبر 2019 کو بھارتی پارلیمنٹ نے شہریت کا متنازع قانون منظور کیا تھا جس کے تحت پاکستان، بنگلا دیش اور افغانستان سے بھارت جانے والے غیر مسلموں کو شہریت دی جائے گی لیکن مسلمانوں کو نہیں۔
اس قانون کے ذریعے بھارت میں موجود بڑی تعداد میں آباد بنگلا دیشی مہاجرین کی بے دخلی کا بھی خدشہ ہے۔
بھارت میں شہریت کے اس متنازع قانون کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور ہر مکتبہ فکر کے لوگ احتجاج میں شریک ہیں۔
پنجاب، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش سمیت کئی بھارتی ریاستیں شہریت کے متنازع قانون کے نفاذ سے انکار کرچکی ہیں جب کہ بھارتی ریاست کیرالہ اس قانون کو سپریم کورٹ لے گئی ہے۔