لاہور: رائیونڈ روڈ پر واقع سفاری پارک کا ملازم شیروں کے حملے میں ہلاک ہوگیا۔
رائیونڈ روڈ کے سفاری پارک کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 18 سالہ ملازم بلال گھاس کاٹ رہا تھا کہ شیروں نے اس پر حملہ کر دیا۔
ڈائریکٹر سفاری پارک چوہدری شفقت کا کہنا ہےکہ نوجوان کی ہلاکت کے واقعے کے بارے میں آج صبح 10 بجے پتہ چلا، بچے کے لواحقین نے صبح سفاری پارک انتظامیہ سے رابطہ کیا تھا، لواحقین نے بتایا کہ ان کا بچہ پرسوں سے لاپتا ہے، لواحقین نے کہا کہ وہ پارک میں بچے کی تلاش کرنا چاہتے ہیں، تلاش کرنے پر پارک سے انسانی جسم کے کچھ ٹکڑے ملے۔
ڈائریکٹر نے بتایا کہ پولیس واقعے سے متعلق شواہد اکٹھا کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق نوجوان پر شیروں کے حملے کا واقعہ دو روز پرانا ہے، مرنے والا نوجوان بلال اٹھووال گاؤں کارہائشی تھا اور اس کاچچا سفاری پارک میں ملازم تھا، بلال جنگلا پھلانگ کر گھاس کاٹنے پارک میں آیا تھا، جائے وقوعہ سےکٹی ہوئی گھاس، درانتی اورانسانی باقیات ملی ہیں۔
دوسری جانب نوجوان کے والد محمد شریف نے پارک انتظامیہ کے خلاف کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے انکار کرتے ہوئے بیٹے کی لاش حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔