لاہور:
پی ایس ایل 5 کا آغاز 20فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں افتتاحی تقریب کیساتھ ہوا، مجموعی طور پر اس کا رنگ پھیکا رہا، میدان میں روشنی اور آواز کے مسائل سامنے آئے، موسیقی بھی جوش و خروش سے عاری رہی،البتہ آخر میں آتشبازی متاثر کن تھی، بعد ازاں میچز کا سلسلہ آگے بڑھا تواسٹینڈز میں شائقین کی کمی محسوس ہوتی رہی، اتوار کو فیملیز کی بڑی تعداد نے اسٹیڈیمز کا رخ اور خوب ہلہ گلہ کیا۔
اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرزکوایک وکٹ سے مات دی، سنسنی خیز مقابلے نے پی ایس ایل میں شائقین کی دلچسپی بڑھادی،اسی روز نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے بابر اعظم کا کیچ ٹیکنالوجی کے دھوکا دے جانے کی وجہ سے متنازعہ ہوگیا۔
دوسری جانب راولپنڈی میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ کا پریکٹس سیشن ہوگا، بدھ کی دوپہر لاہور قلندرز، شام کو اسلام آباد اور کوئٹہ کی ٹیمیں ٹریننگ کریں گی۔ پنڈی اسٹیڈیم جمعرات کو شام 7بجے اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ کا میزبان ہوگا۔ابھی تک ہونے والے 7میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کارکردگی میں زیادہ تسلسل نظر آیا ہے، شاداب خان الیون نے پہلے مقابلے میں شکست کے بعد دونوں جیت کر 4پوائنٹس جوڑے ہیں،ٹیم نے سب سے زیادہ 517رنز بھی جوڑے ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بھی 2فتوحات لیکن 477رنز کیساتھ رن ریٹ کم ہونے کی وجہ سے دوسرے نمبر پر ہے،پشاور زلمی، ملتان سلطانز اور کراچی کنگز نے 2،2میچ کھیل کر ایک ایک فتح حاصل کی ہے،ان میں سے سب سے زیادہ 349رنز ڈیرن سیمی الیون نے جوڑے ہیں،لاہور قلندز حسب روایت ناکامیوں کے بھنور میں اور دونوں میچز میں فتح کو ترستے رہے ہیں۔
انفرادی کارکردگی کو دیکھا جائے تو کامران اکمل 144رنز کیساتھ سرفہرست ہیں، پی ایس ایل 5کی پہلی سنچری بھی انھوں نے ہی بنائی ہے،ڈیوڈ میلان121، محمد حفیظ112، اعظم خان110اور بابر اعظم 104رنز کیساتھ ٹاپ فائیو بیٹسمینوں میں شامل ہیں، دوسری طرف بولنگ میں نوجوان پیسرز کا راج ہے، محمد حسنین 12.28کی اوسط سے 7شکار کرتے ہوئے سرفہرست ہیں،بہترین بولنگ 25رنز دیکر 4وکٹیں رہیں، شاہین شاہ آفریدی نے 7.2کی ایوریج سے 5وکٹوں کیساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ابھی تک ایونٹ کی بہترین بولنگ بھی انھوں نے ہی کرتے ہوئے 18رنز کے بدلے میں 4شکار کیے، محمد موسیٰ نے 18.20کی اوسط سے 5وکٹیں اڑائیں،اس کے علاوہ فہیم اشرف اور عماد بٹ بھی 5،5 بیٹسمینوں کو پویلین بھیجنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔