چین سے پھیلنے والے جان لیوا کورونا وائرس کے کیسز دیگر ممالک سے بھی تیزی سے پھیل رہے ہیں جب کہ چین میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2663 تک جا پہنچی ہے۔
چین میں کووڈ -19 سے مزید 71 افراد ہلاک ہونے کی تصدیق کی جاچکی ہے جب کہ 508 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی کل تعداد 77 ہزار 685 ہوچکی ہے۔
چین کے بعد کورونا وائرس جنوبی کوریا میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں 60 نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 900 کے قریب پہنچ گئی ہے۔
تھائی لینڈ
تھائی لینڈ نے بھی کورونا وائرس کے 2 نئے کیسز کی تصدیق کی ہے۔
تھائی ہیلتھ حکام کے مطابق رپورٹ ہونے والے 2 مریضوں میں ایک خاتون ہیں جن کے اہل خانہ چین کا سفر کرتے رہے ہیں۔
جب کہ دوسرا مریض چینی سیاحوں کا ڈرائیور ہے، تھائی لینڈ میں مجموعی متاثرین کی تعداد 37 ہوچکی ہے۔
ویتنام
ویتنام میں بھی 16 افراد موذی وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔
ویتنام ہیلتھ حکام کا کہنا ہے کہ 13 فروری کے بعد سے کورونا وائرس کا کوئی نیا کیس رپورٹ سامنے نہیں آیا ہے۔
ایران
ایران میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 10 سے زائد ہوچکی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 45 کے قریب ہے۔