لاہورقلندرز کے کپتان سہیل اختر نے مسلسل 2 میچوں میں ناکامی کے باوجود اپنی ٹیم کو پاکستان سپر لیگ کی بیسٹ ٹیم قرار دے دیا۔
سلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا تھا کہ لاہوری مایوس نہ ہوں، ابھی لیگ کے 8 میچز باقی ہیں، اگلے مقابلوں میں اچھا کھیل کر جیتنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اچھا کھیلی، عمدہ کارکردگی پر مبارکباد کی مستحق ہے۔
سہیل اختر کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ایسی کرکٹ ہے جس میں میچ کی آخری گیند تک کچھ نہیں کہا جا سکتا، موسی خان اور احمد صفی عبداللہ کافی اچھا کھیلے اور اپنی ٹیم کو جتوانے میں کامیاب رہے،کپتان شاداب خان بولر کے ساتھ اچھے بیٹسمین بھی ہیں، میچ کے دوران انہوں نے عمدہ کارکردگی بھی دکھائی تاہم ہمارا سکور بھی ٹھیک تھا لیکن بدقسمتی سے میچ ہار گئے۔
سہیل اختر نے کہا کہ جس طرح کا میچ ہوا، اس کے بعد یہی کہوں گا کہ یہ پاکستان سپر لیگ کا اب تک کا سب سے بیسٹ میچ تھا۔ ایک سوال پر سہیل اختر نے کہا کہ بابراعظم کے بعد محمد حفیظ اب بھی پاکستان کے سب سے بہترین بیسٹسمین ہیں، ہماری ٹیم کی بیٹنگ انہیں کے گرد زیادہ گھومتی ہے، حفیظ اور فخر زمان کے ہوتے ہوئے سلمان بٹ کی ٹیم میں ابھی جگہ نہیں بنتی۔