پاکستان کے نوجوان گلوکار اور پی ایس ایل 5 کے گانے میں آواز کا جادو جگانے والے عاصم اظہر نے بھی راک اسٹار علی ظفر کی حمایت کر دی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کی مایوس کُن افتتاحی تقریب کے بعد گلوکار عاصم اظہر کی جانب سے ایک ٹوئٹ کیا گیا تھا جس پر ایک صارف کی جانب سے سوال کیا گیا کہ ’عاصم کیا آپ کو نہیں لگتا کہ آپ کے گانے کے بعد علی ظفر کا گانا آنا آپ کی بے عزتی ہوگی؟
صارف نے اپنے سوال میں مزید لکھا تھا کہ ’میرا مطلب ہے کہ پی ایس ایل 5 کا ترانہ آچکا ہے وہ جیسا بھی ہے اور اب علی ظفر کا پی ایس ایل 5 کے لیے گانا بنانا صحیح ہوگا؟‘
اس سوال کے جواب میں گلوکار عاصم اظہر کا کہنا تھا کہ ’اس میں بے عزتی کی کیا بات ہے، وہ میرے سینئر ہیں اور میں ان کے اور ان کے کام کی بے حد عزت کرتا ہوں‘۔
عاصم اظہر نے مزید کہا کہ ’ پاکستان کی بہتری کے لیے کسی بھی چیز کی حمایت کرنے میں مجھے خوشی ہوگی‘۔
گلوکار عاصم اظہر کا کہنا تھا کہ ’یہی تو مسئلہ ہے کہ ہم آپس میں ہی بٹے ہوئے ہیں، ہمیں ایک دوسرے کی حمایت کرنے کی ضرورت ہے‘۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 5 کا گانا ریلیز ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے فنکاروں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد عاصم اظہر نے مداحوں کی توقعات پر پورا نا اُترنے کے لیے معافی بھی مانگی تھی۔