اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہےکہ اِن ہاؤس تبدیلی کا فیصلہ پارلیمانی پارٹی کرے گی اور کسی بھی عبوری حکومت کو قبول نہیں کریں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آنے والے کچھ دنوں میں انشا اللہ نواز شریف روبصحت ہو جائیں گے جس کے بعد شہباز شریف مارچ میں وطن واپس آ جائیں گے۔
انہوں نے حکومتی کارکردگی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بہت کم اکثریت اور خراب پرفارمنس سے حکومت زیادہ دن نہیں چل سکتی، ملک میں سیاسی استحکام نہیں ہوگا تو معاشی استحکام کیسے ہوگا۔
رانا ثناء کا کہنا تھا کہ حکومت نے پولیس کو بھی مشن دیا ہے کہ مخالفین کے خلاف کارروائی کریں، موجودہ حکومت اداروں کو یرغمال بنا کر مخالفین کو نشانہ بنا رہی ہے، ایف آئی اے کو مخالفین کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) مہنگائی پر نمبر نہیں بنانا چاہتی، 6 ماہ بعدبقول چوہدری شجاعت اور دیگر کوئی وزیراعظم بننے پر تیار بھی نہیں ہوگا، ہم خود ساختہ احتجاج کرکے اپوزیشن کو منتشر نہیں کرنا چاہتے، پیپلزپارٹی اور مولانا نےاحتجاج کا اعلان کیا ہے، ہم نہیں چاہتےکہ کوئی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنائی جائے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اِن ہاؤس تبدیلی کا فیصلہ پارلیمانی پارٹی کرے گی، کسی بھی عبوری حکومت کو قبول نہیں کریں گے۔