لاہور:
گزشتہ برس پلوامہ حملے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات نہایت کشیدہ ہیں یہاں تک کہ بھارت نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی بھی لگادی ہے۔ تاہم اس صورتحال میں بالی ووڈ اداکار اور سیاستدان شتروگھن سنہا کا پاکستان کے شہر لاہور میں موجود ہونا تعجب کی بات ہے۔
اداکار شتروگھن سنہا کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ گزشتہ روز لاہور میں ایک شادی کی تقریب میں موجود ہیں۔ اسی تقریب میں فلمسٹار ریما خان بھی موجود ہیں۔ ویڈیو میں دونوں کو ایک ساتھ فوٹو سیشن کراتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین بھارتی اداکار کو پاکستان میں دیکھ کر حیرانی اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ شتروگھن سنہا کو پاکستان میں دیکھ کر خوشی ہورہی ہے۔ کچھ لوگ تو یہ ماننے کے لیے ہی تیار نہیں ہیں کہ یہ شتروگھن سنہا ہیں جب کہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ شتروگھن سنہا کی ماسٹر کاپی ہیں۔ بعض سوشل میڈیا صارفین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاش یہ ویڈیو مودی نہ دیکھ لے۔