کراچی:
پی ایس ایل کا شمار پاکستان کے چند بڑے ایونٹس میں ہوتا ہے جس کا انتظار کرکٹ کے دیوانے ہر سال بے تابی سے کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ یہ ایونٹ ہر سال مزید بہتر اور پرجوش ہوتا جارہا ہے۔ پی ایس ایل کا جادو پاکستانیوں پر تو سر چڑھ کر بول رہاہے تاہم شوبز ستارے بھی اس کے رنگ میں رنگے ہوئے ہیں۔
پی ایس ایل کے دوران جہاں ملکی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کا ٹکراؤ دیکھنے والوں کو پرجوش کردیتا ہے وہیں ٹیم مالکان شوبز ستاروں کو بھی اپنی ٹیم میں شامل کرتے ہیں جس سے یہ ایونٹ مزید پرجوش اور گلیمرائز ہوجاتا ہے۔
مہوش حیات، ہانیہ عامر
گزشتہ روز اداکارہ مہوش حیات اور ہانیہ عامر پشاور ذلمی کے آفیشل سانگ میں جلوہ گر ہوئیں اور اپنی پرفارمنس سے لوگوں کے دل جیت لیے۔ یہ دونوں پی ایس ایل سیزن 5 میں پشاور ذلمی کی ایمبسیڈر اور سپورٹر ہیں۔
بلال اشرف
فلم ’’سپر اسٹار‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار بلال اشرف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سپورٹ کررہے ہیں اور سیزن5 میں وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سپورٹر اورایمبیسیڈر ہیں۔
گلوکار فاخر
گلوکار فاخر پی ایس ایل سیزن 1 سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سپورٹر ہیں اور اس بار بھی وہ کوئٹہ ہی کو سپورٹ کررہے ہیں ۔ اپنے خصوصی پیغام میں فاخر نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حوصلہ بڑھایا۔
سنیتا مارشل
پی ایس ایل کی مضبوط ترین مانی جانے والی ٹیم کراچی کنگز کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مختلف فنکاروں کی ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں جن میں وہ کراچی کنگز کو سپورٹ کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔ ایک ویڈیو میں اداکارہ و ماڈل سنتیا مارشل کراچی کنگز کی سپورٹ کرتے ہوئے کہہ رہی ہیں کراچی تیار ہے اپنا جوش دکھانے کے لیے کیونکہ کنگز آرہے ہیں میدان میں۔ میں کراچی کنگز کو سپورٹ کررہی ہوں۔
عاصم اظہر
گلوکار عاصم اظہر بھی کراچی کنگز کو سپورٹ کررہے ہیں۔ اپنے ویڈیو پیغام میں عاصم اظہر کراچی کنگز کی سپورٹ کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کراچی کنگز تیار ہیں بازی پلٹنے کے لیے، گیم بدلنے کے لیے کیونکہ یہ کراچی۔
نبیل ظفر
پاکستان ٹی وی انڈسٹری کےنامور اداکار نبیل ظفر نے جوش سے بھرپور ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا جی! میدان سج گیا ہے، شور مچ گیا ہے اور یہ بازی ہم ہی جیتیں گے کیونکہ کراچی کنگز کو آتا ہے دل جیتنا، یہ ہے کراچی۔
منیب بٹ
اداکار منیب بٹ نے بھی کراچی کنگز کو سپورٹ کرتے ہوئے کہا کراچی کی رونق اورکراچی کے جوش کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا اسی طرح کراچی کنگز کا بھی جوش ہے زوردار، تو پھر ہوجائے اس بار ، کیونکہ یہ ہے کراچی میں کراچی کنگز کو سپورٹ کررہا ہوں۔
فرحان سعید
گلوکار و اداکار فرحان سعید نے بھی کراچی کنگز کا جوش بڑھاتے ہوئے کہا کراچی جہاں خواب پورے ہوتے ہیں، جہاں امیدوں کو جیت کی اڑان ملتی ہے تو کراچی کنگز تیار ہے اس بار جیت کی اڑان بھرنے کے لیے، میں کراچی کنگز کو سپورٹ کررہا ہوں۔
آغا علی
اداکار آغا علی بھی کراچی کنگز کو سپورٹ کررہے ہیں ویڈیو پیغام میں آغا علی نے کہا پی ایس ایل کا جنون ہر طرف چھا رہاہے اور اس جنون میں مقابلے کو تیار ہے کراچی۔ کنگز ہے کراچی کی شان۔
اعجاز اسلم
اداکار اعجاز اسلم نے ویڈیو پیغام میں کہا جذبہ بھی ہے جنون بھی، ہمت بھی ہے اور جوش بھی، یہی تو خاص بات ہے کراچی کی اور اسی لیے میں سیزن 5 میں کراچی کنگز کو سپورٹ کررہاہوں۔