کورونا وائرس سے لندن فیشن ویک 2020 بھی متاثر


چین سمیت دنیا کے کئی ممالک میں پھیلنے والے کورونا وائرس نے جہاں معیشت کو نقصان پہنچایا وہیں اس وائرس سے فیشن انڈسٹری بھی متاثر ہورہی ہے۔

کورونا وائرس کے خوف کی وجہ سے ’لندن فیشن ویک 2020‘ میں شرکت کے لیے آنے والوں کی تعداد بھی کم تھی جب کہ وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر شرکت کرنے والی تمام شخصیات کو سینیٹائزرز اور فیس ماسک لگائے ہوئے دیکھا گیا۔

فوٹو : بشکریہ اسکائے نیوز

اگرچہ لندن فیشن ویک میں مقبول چینی ڈیزائنر یوہان وینگ کو اپنی پہلی سولو کلیکشن کی نمائش میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ وائرس کی وجہ سے ان کے تمام ہاتھ سے بنے کرافٹ چین سے فیشن ویک شو تک نہیں آسکے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے متعدد چینی فیکٹریاں اور کمپنیاں بند ہیں جب کہ کورئیر سروس بھی بند ہونے کی وجہ سے چینی ڈیزائنر اپنی تمام تر کلیکشن نمائش میں نہیں پیش کرسکیں۔

چینی ڈیزائنر کا کہنا تھا کہ ترسیل میں تاخیر کی وجہ سے ان کی نمائش متاثر ہوئی اور  وہ اپنے تمام تر ڈیزائنز نمائش میں پیش نہیں کرسکیں۔

دوسری جانب کورونا وائرس کی وجہ سے لندن فیشن ویک 2020 میں گزشتہ سال کے مقابلے میں شرکت کرنے والوں کی تعداد بھی کافی کم تھی۔

برٹش فیشن کاؤنسل کی سربراہ کیرولائن رش کا کہنا ہے کہ چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے بالآخر فیشن انڈسٹری کو بھی متاثر کیا ہے کیونکہ چین کے ساتھ کام اور سفر کرنے پر پابندیاں عائد ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لندن فیشن ویک میں ہمیں کورونا وائرس سے بچاؤ سے خاص احتیاطی تدابیر کرنی پڑیں اور ہم نے سب کو اینٹی بیکٹیریل ہینڈ سینیٹائزرز فراہم کیے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے متعدد عالمی کاروباری ایونٹس منسوخ کیے جا چکے ہیں جن میں ورلڈ موبائل کانگریس 2020 بھی شامل ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں