پاپ میوزک کے بادشاہ اور دنیا کے نامور گلوکارمائیکل جیکسن کے بھتیجے بھی پاکستان کی خوبصورتی اورمہمان نوازی کےگن گانےلگے،جعفر جیکسن نے پاکستانیوں کو مہمان نواز قوم قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق مائیکل جیکسن کے بھتیجے جعفر جیکسن بھی پاکستان کی خوبصورتی اور پاکستانیوں کی مہمان نوازی کے معترف نظر آئے۔ پاکستانیوں کی جانب سےملنے والی محبت پرجیکسن خاندان کا فرد بھی فدا ہوگیا۔
حال ہی میں مائیکل جیکسن کے بھتیجے نے اسلام آباد کی ایک یونیورسٹی میں طلباسے خطاب کیا ہےجس کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک حسین ترین ملک ہے، یہاں کے لوگ بہت زیادہ محبت کرنے والے اور مہمان نواز ہیں، میں پاکستان سے ملنے والا پیار کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔
جعفر جیکسن کا کہنا تھا کہ ’آپ لوگوں کی مہمان نوازی اور محبت بھرے انداز سے میں بہت زیادہ متاثر ہوا، آپ کی ملنساری نے مغربی میڈیا کے پیش کردہ منفی تاثرات کو غلط ثابت کردیا اور میرے اندر پائی جانے والی غلط فہمیاں بھی آپ کے اخلاق کو دیکھ کر دور ہوگئی ہیں‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے مہمان کا گرم جوشی سے استقبال کرنے والے بااخلاق لوگوں کا ملک ہے، میں اب سوچ میں پڑ گیا ہوں کہ مغربی میڈیا پاکستان کے بارے میں کس قدرغلط بیانی سے کام لیتا ہے۔
خیال رہے کہ مائکیل جیکسن کے خاندان کا یہ فرد12 فروری کو دورے پر پاکستان پہنچاہے، انہوں نے بنا خوف و خطر وفاقی دارالحکومت میں سیروتفریح کی، وہ لاہور اور پھر کراچی کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ طالب علموں سے خطاب بھی کریں گے۔
جعفرجیکسن اپنے دورے کے اختتام پر کراچی میں میڈیا سے گفتگو کریں گے اور پاکستان کے بارے میں اپنے تاثرات بیان کریں گے۔
واضح رہے کہ جعفر جیکسن پاپ گلوکار کے بھائی جرمین جیکسن کے صاحبزادے ہیں، جرمین نے 1989 میں اسلام قبول کیا تھا۔