اسلام آباد:
وفاقی حکومت نے قانونی طریقے سے ترسیلات زر پاکستان بھجوانے کو فروغ دینے کیلے ٹیلی گرافک ٹرانسفر (ٹی ٹی) کی شرح میں 100 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹی ٹی چارجز اسکیم کیلیے 5 ارب روپے فوری جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان زرمبادلہ بھجوانے کیلیے سہولیات کی فراہمی کیلیے قائم کردہ ذیلی کمیٹی کی تجویز پر کیا گیا ہے جس کے تحت ٹی ٹی کے ذریعے 100 سے 200 سو ڈالر بھجوانے پر ٹی ٹی چارجز 10 ایس اے آر (Specific absorption rate) سے بڑھا کر 20 مخصوص جذب کی شرح (ایس اے آر) کر دی جائے گی۔
اس ضمن میں’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کی طرف سے ایڈیشنل فنانس سیکریٹری انٹرنل فنانس و انویسٹمنٹ کی سربراہی میں قائم کردہ ذیلی کمیٹی نے ٹیلی گرافک ٹرانسفر اسکیم کے بقایا 5 ارب روپے جاری کرنے کے ساتھ ساتھ رواں مالی سال کے دوران ٹیکنیکل سپلمنٹری گرانٹ کے ذریعے ٹی ٹی اسکیم کیلیے7 ارب روپے اضافی بھی جاری کرنے کی سفارش کی ہے۔