اسلام آباد: وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے پلاسٹک کے تھیلوں پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد ضبط کیے گئے پلاسٹک کو ری سائیکل کرکے ان سے کچرے کے ڈبے، گلدان اور فرنیچر بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت کے ترجمان محمد سلیم نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ‘یہ کچھ نیا نہیں ہے، ری سائیکل کیے گئے پلاسٹک سے بننے والے فرنیچر اور دیگر گھریلو سامان مارکیٹ میں پہلے ہی دستیاب ہیں، یہ اقدام وزیر اعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی کی جانب سے کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبے کے لیے تجویز کردہ متعدد منصوبوں میں شامل ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت نے پہلے ہی اس کام کو آگے بڑھانے کے لیے مینوفیکچررز سے بات کرلی ہے۔
مزید پڑھیں: پلاسٹک سے جان چھڑانے میں مجھے ہفتہ لگا، لیکن میں کامیاب ہوگئی!
ان ضبط شدہ تھیلوں کو ری سائیکل کرکے ایک ہزار کچرے کے ڈبے اور گلدان بنائے جائیں گے جنہیں اسلام آباد میں اسکولوں، ہسپتالوں اور دیگر سرکاری اداروں میں رکھا جائے گا۔
پلاسٹک کے تھیلوں پر شہر میں پابندی عائد ہونے کے بعد 16 اگست 2019 کو 4 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جو متعدد علاقوں میں اس کی پابندی کا اطلاق کرانے کی پابند تھیں۔
وزارت ماحولیاتی تبدیلی، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ایڈمنسٹریشن، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد اور پاکستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (پاک-ای پی اے) تھیلوں کے غیر قانونی استعمال کی نگرانی کرنے کی ذمہ داری ہیں۔
پہلی مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر ہول سیلرز کو ایک لاکھ روپے جبکہ دکانداروں کو 10 ہزار روپے اور صارفین کو 5 ہزار روپے تک کا جرمانہ لگایا جاسکتا ہے جبکہ جرم دہرانے پر جرمانے میں اضافہ بھی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: کیا پلاسٹک بیگ ہی سب سے بڑا ماحولیاتی مسئلہ ہیں؟
وزارت نے دعویٰ کیا کہ پلاسٹک کے تھیلیوں کے استعمال کو 80 فیصد تک کنٹرول کرلیا گیا ہے جبکہ مزید اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ان کوششوں کے باوجود ہفتہ بازاروں، گلی محلے کی دکانوں اور پھل یا سبزی فروخت کرنے والے ٹھیلے والے اشیا کو تھیلیوں میں ہی دے رہے ہیں۔
چند دکاندار اوکسی بائیو ڈی گریڈ ایبل پلاسٹک بیگ کا استعمال کر رہے ہیں جو عام پلاسٹک کے تھیلوں سے صحت اور ماحول کے لیے زیادہ نقصاندہ بتایا جاتا ہے۔
وزارت میں موجود ماہر ماحولیات کا کہنا تھا کہ اوکسی بائیو ڈی گریڈ ایبل پلاسٹک کے تھیلے چھوٹے ذرات میں تبدیل ہوجاتے ہیں جو سانس کی نالی کے ذریعے انسانوں میں جاسکتے ہیں۔
پاک-ای پی اے کی ڈائریکٹر جنرل فرزانہ الطاف چاہ کے مطابق قانون میں اوکسی بائیو ڈی گریڈ ایبل پلاسٹک کے تھیلے پر بھی پابندی عائد ہے۔