نیول اسٹاف اسکواش؛ ملائیشیا کے ایوان یون چیمپئن بن گئے


کراچی: 

ٹاپ سیڈملائیشیا کے ایوان یون نے 14 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔

پاکستان اسکواش فیڈریشن کے تحت اورپاکستان نیوی کے زیر اہتمام کھیلی جانے والی14 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ ٹاپ سیڈ اورعالمی نمبر49 ملائیشیا کے ایوان یون کے نام رہی، فائنل میں ان کے حریف عالمی نمبر 50 طیب اسلم  خلاف توقع زیادہ مزاحمت نہ کر سکے۔

یہ مقابلہ 47 منٹ تک جاری رہا، ایوان نے بہترین اسٹیمنا اورتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمدہ شاٹس استعمال کرتے ہوئے طیب کو بے بس کر دیا، طیب اسلم نے پہلا گیم 7-11 سے جیتا لیکن دوسرا گیم عالمی نمبر50 ایوان نے 4-11 سے جیت کر مقابلہ 1-1 کر دیا۔

ایوان نے تیسرے گیم میں بھی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے 4-11 سے کامیابی پاکر 1-2 کی سبقت حاصل کر لی، چوتھے گیم میں طیب نے معمولی مزاحمت کی لیکن ایوان نے  7-11سے فتح پاکر 1-3 کی برتری کے ساتھ وننگ ٹرافی اپنے نام کرلی، آخر میں مہمان خصوصی نے انعامات تقسیم کیے۔

ایوان نے ٹرافی کے ساتھ 3 ہزار 610 ڈالرز کا انعام بھی حاصل کیا جبکہ طیب اسلم کو 2 ہزار 280 ڈالرزملے، ٹورنامنٹ ڈائریکٹرکمودور حبیب الرحمان نے خیرمقدمی کلمات ادا کیے، اس موقعہ پرکمانڈرکراچی رئیرایڈمرل زاہدالیاس،اسکواش لیجنڈ و سابق عالمی چیمپئن جہانگیرخان، اولمپئن اصلاح الدین صدیقی ودیگربھی موجود تھے۔

دریں اثناء فاتح ملائیشیا کے ایوان  یون نے کہا ہے کہ پاکستان ایک محفوظ اور پرامن ملک ہے، یہاں کے لوگ محبت کرنے والے اور کھیلوں سے رغبت رکھتے ہیں، ایونٹ جیتنے کے بعد نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی نمبر49 ایوان نے کہا کہ مجھے امید تھی کہ میں ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوجاؤں گا، مدمقابل طیب اسلم زیادہ مزاحمت نہیں کر سکے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی،سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات شاندار تھے، بھرپورمیزبانی سے لطف اٹھایا، دوبارہ موقع ملا توضرور پاکستان آؤں گا۔

چیمپئن شپ کے رنراپ اور قومی چیمپئن طیب اسلم نے کہا کہ پیٹ میں تکلیف کے سبب اپنا کھیل پیش نہیں کرسکا،اپنے طورپرجیتنے کی کوشش کی لیکن ایوان نے بہتر کھیل پیش کرکے کامیابی حاصل کرلی، طیب اسلم نے کہا کہ چیمپئن شپ کے شاندار انعقاد پر منتظمین قابل تحسین ہیں، اس طرح کے ایونٹس  ہونے سے ملک میں اسکواش کو تقویت ملے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں