تھائی لینڈ میں شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کرنے والے فوجی کو ہلاک کر دیا گیا۔
گزشتہ روز سپاہی جکراپنتھ تھوما نے بدھ مت مذہب کی عبادت گاہ اور شاپنگ مال کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک اور 57 افراد زخمی ہوئے۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی تھائی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور فوری آپریشن شروع کیا اور حملہ آور کو پولیس کے حوالے ہونے کا کہا گیا۔
ولیس نے حملہ آور کی والدہ کو بھی شاپنگ سینٹر بلا لیا تھا تاکہ اسے ہتھیار ڈالنے کے لیے آمادہ کیا جا سکے مگر کل تک حملہ آور کے شاپنگ مال کے اندر ہی موجود ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔
تاہم تھائی پولیس کی جانب سے اب یہ تصدیق کی جا چکی ہے کہ حملہ آور جکراپنتھ تھوما کو آپریشن کے درمیان ہلاک کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے تھائی لینڈ کی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ جکراپنتھ تھوما فوج میں جونئیر آفیسر ہے اور اس نے ملٹری کیمپ میں پہلے اپنے کمانڈنگ افسر کو قتل کیا اور پھر وہاں سے اسلحہ لے کر فرار ہو گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ حملہ آور نے فوجی اڈے سے مشین گن اور فوجی بکتر بند گاڑی چرائی اور تباہی مچانے نکل گیا، راستے میں لوگوں پر فائرنگ کرتا رہا پھر بھر ے شاپنگ مال میں گھس گیا تھا اور وہاں بھی لوگوں کو نشانہ بنایا۔