چین میں کورونا سے ہلاکتیں 636 ہو گئیں، جاپان میں مزید 41 افراد میں وائرس کی تصدیق


چین میں کورونا وائرس سے مزید کئی افراد کی ہلاکت کے بعد پراسرار وبا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 636 ہو گئی۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ہلاک ہونے والے 73 افراد میں سے 69 کا تعلق ہوبئی صوبے سے ہے جب کہ ان 69 میں سے 64 ہوبئی کے مرکزی شہر ووہان سے تعلق رکھتے ہیں۔

ہیلتھ کمیشن کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے مزید 3 ہزار 143 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہزار 161 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب چین نے کورونا وائرس کے بارے میں سب سے پہلے خبر دینے والے ڈاکٹر لی ون لیانگ کی موت کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بھی ڈاکٹر لی ون لیانگ کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے بارے میں دنیا کو آگاہ کرنے والے ڈاکٹر کی خدمات کو سراہا جائے۔

جاپان میں مزید 41 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کی یوکوہاما ہاربر پر لنگر انداز بحری جہاز میں موجود 41 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

اس سے پہلے بھی بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسس پر موجود 20 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

کورونا وائرس پر قابو پانے کی طاقت رکھتے ہیں:  چینی صدر کی امریکی صدر سے گفتگو

چین کے صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور کورونا وائرس کے حوالے سے گفتگو کی۔

صدر شی جن پنگ نے امریکی ہم منصب کو بتایا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے، چین کورونا وائرس سے نمٹنےکے لیے مکمل صلاحیت اور اعتماد رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کا بہتری کے لیے طویل المدتی اقتصادی ترقی ٹرینڈ تبدیل نہیں ہوگا جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے چین کے اقدامات کو سراہا۔


اپنا تبصرہ لکھیں