پاک فوج کے شعبہ تعلقات عام (آئی ایس پی آر) نے ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی نغمہ ریلیز کردیا۔
آئی ایس پی آر ماضی میں بھی مقبوضہ وادی کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے گانا ریلیز کرتا رہا ہے اور اس بار گلوکار و موسیقار ساحر علی بگا کا تیار کردہ گانا ریلیز کیا گیا ہے۔
’کشمیر ہوں میں، شہ رگ پاکستان‘ کی گانے کو 4 فروری کو جاری کیا گیا تھا جب کہ آج ڈی جی آئی ایس پی آر کے ٹوئٹر ہینڈل پر بھی گانے کو شیئر کیا گیا۔
گانے کی ویڈیو میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی اصل فوٹیجز بھی دکھائی گئی ہیں۔
گانے میں کشمیری مجاہد برہان وانی کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے اور ساتھ ہی وادی میں خواتین پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بھی دکھایا گیا ہے۔
گانے کی ویڈیو میں کشمیری نوجوانوں کو بھارتی حکومت اور بھارتی فوج کے خلاف نعرے بازی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
گانے کی ویڈیو ریلیز ہوتے ہی وائرل ہوگئی اور لوگوں نے گانے کو مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی درست عکاسی قرار دیا۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان ہر سال 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر سرکاری سطح پر مناتی ہے اور اس دن عام تعطیل ہوتی ہے۔
پاکستان کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی مقبوضہ وادی کے عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر کشمیر ڈے کو پرجوش انداز میں منایا جاتا ہے۔
کشمیر ڈے کے موقع پر پاکستان کے چاروں صوبوں، وفاقی دارالحکومتوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا جاتا ہے۔