وزیراعظم عمران خان کے ملائیشیا کے دو روزہ سرکاری دورے کا مشترکہ اعلانیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے3 سے 4 فروری تک ملائیشیاکا دوسرا دورہ کیا جو ملائیشیا اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط اور مثالی بنانے کے لیے تھا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کا ملائیشیا میں گرمجوشی سے استقبال کیا گیا، ون آن ون اور وفود کی سطح پر دونوں ممالک کے درمیان بات چیت ہوئی اور پاکستان و ملائیشیا نے اعلیٰ سطح کے رابطے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اور ملائیشیا کامختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون نئی بلندیوں کوپہنچ چکا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں تبدیل ہوچکے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے وزرائے اعظم نے عالمی امورپر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اعلیٰ سطح پر رابطوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اورملائیشیا کا اسلام آباد میں چوتھے مشترکہ کمیشن کا اجلاس بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔